راولپنڈی: بحرین کی ڈیفنس فورس کے چیف آف سٹاف، لیفٹیننٹ جنرل تھیاب صقر عبداللہ النعیمی نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق معزز مہمان کا استقبال پاک فضائیہ کے گارڈ آف آنر سے کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے افواج کے درمیان مشترکہ تربیت، باہمی تعاون اور علاقائی سلامتی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بحرین کے چیف آف سٹاف نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور خودانحصاری کی کوششوں کو سراہا جبکہ پاک فضائیہ نے جامع تربیتی پروگرامز اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔ دورے کے دوران معزز مہمان نے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ کا بھی دورہ کیا۔






