بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع ہردوئی میں ایک شوہر جتیندر کمار شادی کے کچھ عرصہ بعد لاپتہ ہو گیا، لیکن حال ہی میں انسٹاگرام ریلز کے ذریعے لدھیانہ میں کسی دوسری عورت کے ساتھ پایا گیا۔ جتیندر کی 2017 میں شیلو کے ساتھ شادی ہوئی تھی اور ان کے ہاں ایک بیٹا پیدا ہوا تھا، مگر اپریل 2018 میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی اور کافی تلاش کے باوجود کچھ پتہ نہیں چل سکا۔
شیلو نے دعویٰ کیا ہے کہ جتیندر نے دوسری شادی کر لی اور اسی عورت کے ساتھ رہ رہا ہے، جبکہ اس کے اہلِ خانہ بھی اس بات سے آگاہ تھے لیکن انہوں نے کچھ ظاہر نہیں کیا۔ شیلو نے پولیس کو نئی درخواست دی ہے اور پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتیندر کے گھر والوں نے انہیں اور ان کے خاندان کو گمراہ کیا اور پہلے شیلو پر اس کے قتل کا الزام لگایا گیا تھا۔






