لاہور: وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب کی مجموعی صورتحال قدرے بہتر ہے اور انتظامیہ کی کارروائیوں سے حالات کنٹرول میں ہیں۔
پریس کانفرنس میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے زیادہ دباؤ تریموں ہیڈ ورکس پر ہے جہاں پانی کی سطح بلند ہے، تاہم دیگر مقامات پر پانی نیچے جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بارشوں کا ایک نیا سلسلہ پاکستان اور بھارت دونوں جانب جاری ہے جس نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تریموں کا دورہ کر کے حالات کا جائزہ لیا۔
وزیر اطلاعات نے خبردار کیا کہ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ موجود ہے، اس لیے محکمہ صحت اور دیگر ادارے الرٹ ہیں اور متاثرہ افراد کو فوری ریسکیو کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ محمد والا پر صورتحال نازک ہے، خطرے کے پیش نظر ٹریفک بند کر دی گئی ہے اور ممکنہ بریچنگ کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ موجودہ حالات میں سیاست سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کے ساتھ فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ تمام صوبے اپنی ذمہ داری کا احساس کر رہے ہیں اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امین گنڈاپور کی جانب سے ڈیمز کے حوالے سے مثبت موقف خوش آئند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچانے کے لیے ڈیمز کی تعمیر پر سنجیدہ فیصلے ناگزیر ہیں۔ فی الحال پنجاب میں حکومت کی اولین ترجیح ریلیف آپریشن اور متاثرین کی بحالی ہے، دیگر کام بعد میں کیے جائیں گے۔






