آئین کی گولڈن جوبلی، 2 روزہ بین الاقوامی کنونشن کل ہو گا

0
142

اسلام آباد(طلوع نیوز) آئین کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں دو روزہ بین الاقوامی کنونشن کی تیاریاں تقریباً مکمل کرلی گئی ہیں ، قومی اسمبلی کی میزبانی میں کنونشن بدھ سے شروع ہوگا۔کنونشن میں 17 سے زائد ممالک کے سپیکرز، ڈپٹی سپیکرز شرکت کریں گے، اس حوالے سے قانون دان، پارلیمانی وفود اور سول سوسائٹی کے افراد بھی مدعو ہیں۔کنونشن کا موضوع ’’میرا آئین میری آزادیوں کی ضمانت‘‘ ہے۔علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف کنونشن میں شرکت کرنے والے مختلف ممالک کے سپیکرز، ڈپٹی سپیکر اور پارلیمانی وفود سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کی مجلس شوریٰ کے چیئرمین کی سربراہی میں سعودی پارلیمانی وفد شرکت کرے گا جبکہ سری لنکا، آذربائیجان، بیلجیئم، جمہوریہ کرغیزستان اور تاجکستان جیسے نامور ممالک کے پارلیمانی وفود متعلقہ ڈپٹی سپیکرز/چیئرمینوں کی سربراہی میں شرکت کریں گے۔ مزید برآں، متحدہ جمہوریہ تنزانیہ، کینیا، عمان اور ایران کی نمائندگی ان کی متعلقہ کمیٹیوں کے چیئرپرسنز کریں گے۔ علاوہ ازیں امریکہ اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد پارلیمنٹیرینز بھی کنونشن میں شرکت کریں گے۔ یہ کنونشن اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین جو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں 10 اپریل 1973 کو نافذ ہوا کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں سپیکر راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں قومی اسمبلی کے زیرانتظام گزشتہ ایک ماہ سے جاری رہنے والی تقریبات کی اختتامی تقریب ہے۔ کنونشن کے پہلے روز 10 مئی 2023 کو افتتاحی سیشن جس میں وزیراعظم پاکستان، سپیکر قومی اسمبلی، مشاورتی کمیٹی کے کنوینیئر، غیر ملکی سپیکرز اور پارلیمانی وفود شرکت کریں گے۔ سیشن II کی صدارت وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ کریں گے۔ دریں اثناء رومینہ خورشید عالم، کنوینر SDGs ٹاسک فورس/SAPM، کی صدارت میں بریک آئوٹ سیشن منعقد ہوگا۔ پہلے دن کے آخری اجلاس کی صدارت وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کریں گی۔ دوسرے دن، محسن شاہ نواز رانجھا کی زیر صدارت پلینری اجلاس ہوگا۔ اسی دن مختلف آئینی امور پر بیک وقت تین بریک آؤٹ سیشن بھی ہوں گے۔ بریک آوٹ سیشن I وزیراعظم کی معاون خصوصی شازہ فاطمہ خواجہ کی صدارت میں ہوگا۔ بریک آئوٹ سیشن – II وفاقی وزیر شازیہ مری کی سربراہی میں منعقد ہوگا۔ تیسرا بریک آوٹ سیشن سید مصطفیٰ محمود کی زیرِ صدارت منعقد ہوگا۔ دوسرے دن کا اختتام سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ایکسکلوسو مساوی معاشروں کی تعمیر، چیلنجز اور مواقع کے موضوع پر ہوگا۔ کنونشن سے کلیدی خطاب وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا