اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد بلوچستان کے امن اور ترقی کے دشمن ہیں۔
وزیرِ اعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا۔
دورانِ گفتگو انہوں نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ سیاسی جلسے پر حملہ بلوچستان میں دہشت گردوں کی انتشار پھیلانے کی گھناؤنی سازش ہے اور معصوم و نہتے شہریوں پر یہ حملے بزدلانہ اور قابلِ مذمت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔






