اسلام آباد: فلسطین کے چیف جسٹس ڈاکٹر محمود صدقی عبد الرحمان الہباش کی سربراہی میں 4 رکنی وفد نے وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں امام مسجد اقصیٰ اور امام مسجد ابراہیمی بھی شریک تھے۔
وفد نے پاکستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ ملت فلسطین کی حمایت دین، نسل، عقیدہ اور ثقافت سے بالاتر ہو کر ایک انسانی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ انہوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام اور مقدسات کی پامالی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر حال میں فلسطین کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر غزہ کے مظلوم عوام کے لیے امدادی سامان بھی روانہ کیا جا رہا ہے۔
چیف جسٹس فلسطین ڈاکٹر محمود الہباش نے پاکستان کی مستقل حمایت پر تشکر کا اظہار کیا اور کہا کہ غزہ میں جاری مظالم پر عالمی سطح پر مؤثر آواز بلند کرنے کے لیے پاکستان کا شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ستمبر کے دوران کئی ممالک فلسطین کو آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کریں گے اور وہ وقت قریب ہے جب عالم اسلام کے قائدین مسجد اقصیٰ میں شکرانے کے نوافل ادا کریں گے۔
ملاقات میں دونوں جانب سے علما کے تبادلے، مکالمے کے فروغ اور مشترکہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔






