امریکا کی جانب سے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی سامان اسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔ امریکی فوجی طیارے پاکستانی فوج کی درخواست پر ضروری سامان نور خان ایئر بیس لائے، جہاں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے متاثرہ عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد بحالی کی خواہش ظاہر کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق امریکا نے آرمی سینٹرل کمانڈ کے ذریعے انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کی ہے، جس کے تحت چھ پروازیں بھیجی جا رہی ہیں۔ ان پروازوں میں خیمے، ڈی واٹرنگ پمپس اور جنریٹرز سمیت متاثرین کے لیے فوری ریلیف کا سامان شامل ہے۔ پہلی پرواز آج نور خان ایئر بیس پر اتری، جہاں امریکی اور پاکستانی حکام نے امدادی سامان پاکستان آرمی کے حوالے کیا۔
یہ سامان آرمی کے فلڈ ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جائے گا، جہاں سے اسے سیلاب متاثرین تک پہنچایا جائے گا۔ حکومت پاکستان اور عوام نے اس مشکل وقت میں تعاون پر امریکا کی حکومت اور فوج کا شکریہ ادا کیا ہے۔




