جماعت اسلامی نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس رہنماؤں پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کل ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا۔
مرکز منصورہ سے جاری اعلامیے میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مذاکراتی ٹیم پر اسرائیلی حملہ شرمناک دہشت گردی ہے جو امریکا کی حمایت کے بغیر ممکن نہیں۔ غزہ اور ایران کے بعد قطر میں حملہ کرکے اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑادی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی طرزِ عمل کھلی خلاف ورزی ہے، مسلمان ممالک کی بے حسی اور خاموشی مجرمانہ طرزِ عمل ہے اور یہ حملے انہی کی خاموشی کا نتیجہ ہیں۔ حافظ نعیم نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اس جارحیت کے خلاف کل ملک گیر احتجاج کرے گی۔






