وزیراعظم شہباز شریف نے دوحہ میں اسرائیلی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملہ اور خطرناک اشتعال انگیزی قرار دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اسرائیلی بمباری کی سخت مذمت کرتے ہیں جس میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا کر معصوم شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا گیا۔
انہوں نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، شاہی خاندان اور قطری عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت بلاجواز ہے اور اس سے علاقائی امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔






