اسلام آباد (دنیا نیوز) حکومت نے سیلاب متاثرین کو بجلی کے بلوں میں ایک ماہ کا استثنیٰ دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتِ خزانہ کو ہدایت دی ہے کہ اس حوالے سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بات چیت کی جائے تاکہ ملک بھر کے سیلاب زدہ علاقوں، چاہے وہ دیہات ہوں یا شہر، میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے اربن فلڈنگ پر قابو پانے کے لیے نئی پالیسی بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کو فوری اقدامات کا ٹاسک دیتے ہوئے صوبوں کو کلائمیٹ ریزیلینس ایکشن پلان کے اہداف تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی صوبوں کے ساتھ ڈرینیج سسٹم بہتر بنانے اور جنگلات کے کٹاؤ کو روکنے پر مشاورت کرے گی تاکہ آئندہ ممکنہ سیلابی خطرات کو کم کیا جا سکے۔




