لاہور کے علاقے وحدت کالونی میں کم سن بچی کو ہراساں کرنے والے ایک اور ملزم کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت وقار کے نام سے ہوئی جو قصور کا رہائشی ہے۔ سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن نے کاہنہ کے علاقے میں چھاپہ مار کر اسے حراست میں لیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق وقار نے گرفتاری سے بچنے کی کوشش میں اپنی شلوار کے نیفے سے پستول نکالا لیکن غلطی سے ٹریگر دبنے کے باعث گولی چل گئی، جو پیٹ کے نیچے نازک حصے کے قریب جا لگی۔ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں بچوں سے ہراسانی اور زیادتی کے کیسز میں ملوث ملزمان کے اس طرح زخمی ہونے کے واقعات ماضی میں بھی سامنے آچکے ہیں، جس پر پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔





