لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کو ہدایت کی کہ پنجاب میں غذائی دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ملاوٹ کرنے والوں کے لیے زمین تنگ کی جائے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ رواں سال 9 لاکھ سے زائد فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، ہزاروں یونٹس اصلاح یا بند کیے گئے اور اربوں روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
یکم اگست سے دودھ اور گوشت سپلائرز کی نگرانی میں 322 جعلی دودھ کے مقدمات درج کیے گئے اور لاکھوں لیٹر دودھ تلف کیا گیا۔ گوشت کے 187 مقدمات درج کیے گئے اور 1 لاکھ 17 ہزار کلو مضر صحت گوشت تلف کیا گیا۔ 66 میٹ شاپس اور گودام بند کیے گئے اور 2 ہزار سے زائد یونٹس پر جرمانے عائد کیے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ جعلی دودھ مافیا شہریوں کی صحت کے لیے خطرہ ہے اور وزیر اعلیٰ کے حکم پر جعلسازی کرنے والوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ملاوٹ ایک مکروہ عمل ہے اور ہر شہری کو محفوظ خوراک تک رسائی یقینی بنائی جائے گی۔




