دبئی: ایشیا کپ کے گروپ میچ میں متنازع ریفری اینڈی پائیکرافٹ پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر فور کے دوسرے میچ میں بھی ریفری ہوں گے۔ 14 ستمبر کو گروپ میچ میں ہاتھ نہ ملانے کے تنازع میں اینڈی پائیکرافٹ ملوث تھے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر فور کا میچ اتوار، 21 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ یاد رہے کہ 14 ستمبر کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو باآسانی شکست دی تھی اور کپتانوں نے ٹاس کے موقع پر ہاتھ نہیں ملایا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے تنازع کے بعد اینڈی پائیکرافٹ کو دیگر میچوں میں ذمہ داری نہ دینے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن بعد ازاں اینڈی نے معافی مانگی۔ قومی ٹیم نے سپر فور سے قبل پریس کانفرنس منسوخ کی اور بھارت سے میچ کی تیاری کے لیے سائیکولوجسٹ کی خدمات حاصل کیں۔





