راولپنڈی: اسلامی جمہوریہ ایران کی انسدادِ منشیات پولیس کے اعلیٰ سطحی وفد نے اے این ایف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت انسداد منشیات پولیس کے چیف بریگیڈیئر جنرل ایراج کاکوند نے کی۔
ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں منشیات کے خلاف جنگ میں باہمی تعاون کو فروغ دینے، انٹیلی جنس شیئرنگ کو بہتر بنانے اور اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں سرحد پار منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے مشترکہ آپریشنل تدابیر اور پاک – ایران سرحد پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔
تین روزہ پروگرام کے دوران ایرانی وفد وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات، اے این ایف اکیڈمی اسلام آباد، ماڈل ایڈکشن ٹریٹمنٹ و بحالی مرکز کراچی اور پورٹ کنٹرول یونٹ کراچی کا بھی دورہ کرے گا۔ اس دوران وفد پاکستان کے تربیتی نظام، انسدادِ منشیات اقدامات اور متاثرہ افراد کی بحالی کے پروگراموں کا جائزہ لے گا۔
ایرانی وفد نے پاکستان کی کوششوں اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے تکنیکی صلاحیت اور آپریشنل تیاری کو مزید بہتر بنانے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دونوں ممالک نے خطے کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا اور سرحدی علاقوں میں ہم آہنگی و تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔






