لاہور: سیشن کورٹ نے مسجد کے قاری عثمان کے قتل کیس میں مجرم غلام محمد کو سزائے موت کا حکم سنا دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج ریاض احمد نے فیصلے میں مجرم کو سزائے موت کے ساتھ 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔
پراسیکیوشن کے مطابق ہڈیارہ پولیس نے 2020 میں غلام محمد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔ سرکاری وکیل نے عدالت میں گواہوں کے بیانات پیش کیے۔
کیس کے مطابق قاری عثمان مغرب کی اذان کے لیے گھر سے نکلے تو مجرم نے دروازے پر فائرنگ کرکے انہیں قتل کر دیا۔ گواہ کے بیان کے مطابق واقعہ لین دین کے تنازع پر پیش آیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ پراسیکیوشن الزامات ثابت کرنے میں کامیاب رہی، اس لیے مجرم غلام محمد ثبوتوں کی روشنی میں سزا کا مستحق ہے۔






