گلوبل صمود فلوٹیلا کے امدادی قافلے کی آخری کشتی “مارینیٹ” کو اسرائیلی بحریہ نے غزہ میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران روک دیا اور اسے اشدود کی بندرگاہ منتقل کر دیا۔ اس کشتی پر 6 رضاکار سوار تھے جن کا تعلق جرمنی، ترکی، عمان اور آسٹریلیا سے تھا۔
فلوٹیلا کے منتظمین کے مطابق خوراک اور ادویات سے لدے اس قافلے کی تمام 43 کشتیاں اور 500 رضاکار، جن میں معروف وکلا، پارلیمانی نمائندے، انسانی حقوق کے کارکن، عالمی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد بھی شامل ہیں، کو حراست میں لے لیا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق گرفتار رضاکاروں کو صحرائے نقب کی کیچزیوت جیل منتقل کیا جا رہا ہے جہاں وہ ڈی پورٹیشن مکمل ہونے تک قید رہیں گے، اور متعدد یورپی شہریوں کو واپس بھیجنے کی تیاری بھی کی جا چکی ہے۔ اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے غزہ کی ناکہ بندی کر رکھی ہے اور جنگ زدہ علاقے میں امدادی سامان پہنچانے کی کوششوں کو روک رہا ہے۔






