
وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں امن کے لیے حماس کے ردعمل کا خیر مقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس کے بیان سے جنگ بندی کی نئی راہ ہموار ہوئی ہے اور فلسطینی عوام پر جاری نسل کشی کے بعد پہلی مرتبہ جنگ بندی کے سب سے قریب ہیں۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کے ساتھ ساتھ قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی، اردن، مصر اور انڈونیشیا کی قیادت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر فلسطینی مسئلے کے حل کے لیے کردار ادا کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حماس کے جاری کردہ بیان نے جنگ بندی اور امن کے قیام کا موقع فراہم کیا ہے جسے ضائع نہیں ہونے دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے شراکت داروں اور برادر ممالک کے ساتھ مل کر فلسطین میں دائمی امن کے لیے کام جاری رکھے گا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی ایکس پر اپنے پیغام میں حماس کے ردعمل کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس کا فوری نتیجہ جنگ بندی، فلسطینی عوام کی تکالیف کے خاتمے، یرغمالیوں کی رہائی اور انسانی امداد کی بحالی کی صورت میں نکلنا چاہیے۔
انہوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اپنے حملے بند کرے۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطین کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت دہراتا ہے اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر ایک خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔





