خضدار کے علاقے زہری میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے ٹھکانوں کو کامیابی سے تباہ کر دیا۔ آپریشن کے دوران 14 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گرد علاقے میں پرامن شہریوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا۔
آپریشن کی کامیابی کے بعد مقامی عوام نے خوشی کا اظہار کیا اور سکیورٹی فورسز کے حق میں نعرے لگائے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی موجودگی سے علاقے میں امن و سکون کو یقینی بنایا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد بار بار کی ناکامیوں کے باعث بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور خضدار میں حالیہ کارروائی ان کے نیٹ ورک کے لیے کاری ضرب ثابت ہوئی ہے۔
سکیورٹی فورسز نے اعادہ کیا ہے کہ عوام کے تحفظ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔





