اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور پنجاب میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارش کے باعث دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور کشمیر کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ اس دوران آندھی، جھکڑ چلنے، ژالہ باری اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ کمزور انفرا اسٹرکچر، کچے گھروں، دیواروں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پیر کو اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں مثلاً دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، نوشہرہ، صوابی، خیبر، اورکزئی، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، وزیرستان اور کرم میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع بشمول راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم عمرکوٹ، تھرپارکر اور ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیش گوئی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی، تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔






