اسپیکر قومی اسمبلی سے چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

0
188

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، خطے کی صورتحال اور مسلم امہ کے اتحاد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ کے مطابق اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات عقیدے، بھائی چارے اور اعتماد پر مبنی ہیں۔ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا مخلص دوست رہا ہے۔ پارلیمانی تعاون دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ دوستی، اعتماد اور علاقائی امن کا مظہر ہے۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دیرپا شراکت داری اور ترقی کے نئے باب کا آغاز ہے۔

اسپیکر ایاز صادق نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان، ولی عہد محمد بن سلمان، اسپیکر مجلس شوریٰ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ اور سعودی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی قیادت مسلم امہ کی وحدت اور عالمی امن کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے سعودی عرب کا قائدانہ اور مثبت کردار قابل ستائش ہے، پاکستان کو فخر ہے کہ اسے حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری حاصل ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن ایک صفحے پر ہیں۔

چیئرمین شوریٰ کونسل ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہر شعبے میں ساتھ ہیں، دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کو مزید قریب لایا ہے اور یہ کسی ملک کے خلاف نہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطوں میں وسعت کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، اراکین قومی اسمبلی زیب جعفر، ملک عامر ڈوگر، سحر کامران، مجاہد علی اور نور عالم خان بھی شریک تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا