فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں “بائیو سکیورٹی اور ہماری ذمہ داری” اور “نیو انٹرنیشنل آرڈر” کے موضوعات پر سیمینار منعقد ہوا۔ تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری اور سابق صدر آزاد کشمیر و سابق سفیر پاکستان برائے چین و امریکا سردار مسعود خان نے طلبہ و اساتذہ سے خطاب کیا۔
ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے بائیو سکیورٹی کے موضوع پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی نے جہاں دنیا میں انقلابی تبدیلیاں پیدا کی ہیں وہیں زندگی کے ہر شعبے میں آسانیاں بھی لائی ہیں۔ نوجوانوں کو وقت کی رفتار کے ساتھ چلنا اور حیاتیاتی تحفظ کے تقاضوں کو سمجھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سردار مسعود خان جیسے عالمی سطح کے دانشور کا یونیورسٹی میں لیکچر دینا طلبہ کے لیے اعزاز ہے۔ اردو ایک ایسی زبان ہے جو پورے ملک کو جوڑتی ہے، فیڈرل اردو یونیورسٹی کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے۔
مہمان خصوصی سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کا عالمی سیاسی و سفارتی مقام بڑھ رہا ہے۔ نوجوانوں کو دنیا میں آنے والے ٹیکنالوجیکل انقلاب پر گہری نظر رکھنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اور ماحولیاتی مسائل بنیادی طور پر ترقی یافتہ ممالک کی پیدا کردہ ہیں، جنہیں انہی کو حل کرنا چاہیے۔
صدر شعبہ ابلاغ عامہ و انٹرنیشنل ریلیشنز ڈاکٹر فیصل جاوید نے تقریب کی نظامت کی اور کہا کہ شعبہ آئی آر نوجوانوں کو عالمی منظرنامے کی بہتر تفہیم فراہم کرتا ہے۔ انچارج کیمپس ڈاکٹر صبا بشیر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ریٹائر ہونے والے یونیورسٹی ملازم رشید بنگش کی خدمات کو سراہا۔






