شرجیل انعام میمن کا بڑا اقدام: الیکٹرک اور پنک ٹیکسی سروس جلد شروع کرنے کا فیصلہ

0
129

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر برائے ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن صوبے میں جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے قیام کے لیے متحرک ہو گئے۔


الیکٹرک ٹیکسی سروس اور پنک ٹیکسی منصوبوں پر تیزی سے پیش رفت کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے معروف بین الاقوامی برقی گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی کے وفد نے سینئر وزیر سے ملاقات کی، جس میں کمپنی کے نمائندوں نے اپنی الیکٹرک گاڑیوں کے ماڈلز، خصوصیات اور جدید ٹیکنالوجی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ملاقات میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کنول نظام بھٹو اور سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو بھی شریک تھے۔

شرجیل انعام میمن نے اس موقع پر کہا کہ حکومت سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جدت لانا چاہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سے شہریوں کو صاف، محفوظ اور پائیدار سفری سہولیات میسر آئیں گی، جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں برقی ٹرانسپورٹ کا مضبوط نظام قائم کرنے کے لیے حکومت نہ صرف گاڑیوں بلکہ چارجنگ اسٹیشنز، مینٹیننس سینٹرز اور بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیر پر بھی توجہ دے رہی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ حکومت نجی شعبے کے ساتھ مل کر ایک ایسا فریم ورک تشکیل دے رہی ہے جو سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ اور تعاون فراہم کرے گا۔
ان کے مطابق، دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کو دس سالہ ٹیکس استثنا سمیت متعدد مراعات دی جا رہی ہیں۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی کمپنیاں سندھ میں سرمایہ کاری کریں تاکہ صوبے میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی سروسز متعارف کرائی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے تمام بڑے شہروں میں الیکٹرک ٹیکسی سروس جلد شروع کی جائے، تاکہ عوام کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولتیں میسر آئیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا