لاہور میں سعودی بزنس کونسل کے وفد کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے وزیراعلیٰ مریم نواز نے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ایک نئی جہت پر لے جائیں گے اور سعودی سرمایہ کاری پنجاب کی ترقی کا آغاز ثابت ہوگی۔
مریم نواز نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کو عوام نے بے حد سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت جدید خطوط پر کام کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انہیں ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا، جو مملکت کو جدت کی نئی بلندیوں تک لے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد نواز شریف کے سعودی قیادت کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ماضی میں سیلاب کے دوران پنجاب کی فراخدلانہ امداد کی اور ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ مریم نواز نے امید ظاہر کی کہ سعودی سرمایہ کاری ترقی کا نیا دور لائے گی۔
پنجاب سے شراکت داری اہمیت کی حامل ہے: شہزادہ منصور

سعودی پاکستان بزنس کونسل کے سربراہ شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے وزیراعلیٰ پنجاب کی میزبانی کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی زرخیز زمینیں زرعی سرمایہ کاری کے لیے بڑی کشش رکھتی ہیں اور ہم یہاں سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہیں۔
شہزادہ منصور نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کو بہت پہلے پاکستان آنا چاہئے تھا، دونوں ممالک کے تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم صرف کاروبار کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ مل کر چیلنجز کے حل کے لیے بھی کام کریں گے۔ اگلے چار برس میں کم لاگت کے 10 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے۔
انہوں نے صحت، آئی ٹی اور زراعت سمیت کئی شعبوں میں شراکت داری کے عزم کا اظہار کیا۔






