وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر نادرا نے اسپتالوں اور مراکز صحت میں پیدائش اور وفات کے اندراج کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کروا دیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے اطلاع براہِ راست نادرا کو موصول ہوگی اور والدین یا متوفی کے ورثا کو موبائل ایپ یا ایس ایم ایس کے ذریعے یونین کونسل میں اندراج کی تصدیق ملے گی۔
نادرا کے مطابق پائلٹ پروجیکٹ کے تحت اب تک ملک بھر میں 4 ہزار پیدائش اور 407 وفات کی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں۔ اس نظام میں اسلام آباد کے پمز، سی ڈی اے اور ایف جی اسپتال، لاہور کا لیڈی ایچیسن اسپتال، کوئٹہ، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، گلگت اور سندھ کے متعدد اسپتال شامل ہیں۔
وزیراعظم کی منظور شدہ نیشنل بائیومیٹرک اینڈ رجسٹریشن پالیسی فریم ورک کے تحت یہ نظام صوبائی حکومتوں کے تعاون سے تیز، مؤثر اور شفاف بنایا گیا ہے۔ مستقبل میں پنجاب کے تمام اضلاع اور دیگر سرکاری و غیر سرکاری اسپتالوں میں یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔






