افغان جارحیت ناقابلِ قبول، پاکستان اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا: صدر زرداری

0
189

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے افغانستان کی جانب سے حالیہ جارحیت پر دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی، علاقائی خودمختاری اور مفادات کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

صدر نے واضح کیا کہ پاکستان جموں و کشمیر پر کسی بھی متنازع یا گمراہ کن مؤقف کو تسلیم نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے غیر قانونی دعوے نہ صرف عالمی قوانین بلکہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے بھی منافی ہیں۔

آصف علی زرداری نے افسوس کا اظہار کیا کہ افغان قیادت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی جدوجہدِ آزادی سے منہ موڑ کر تاریخ اور امت دونوں کے ساتھ ناانصافی کی۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ افغان سرزمین سے فتنہ الخوارج کے حملے اقوام متحدہ کی رپورٹس سے بھی ثابت شدہ حقیقت ہیں۔ پاکستان نے بارہا کہا ہے کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی گٹھ جوڑ سے پاکستانی شہری اور سیکیورٹی اہلکار نشانہ بن رہے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ افغان قیادت پاکستان مخالف دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ ان کے مطابق فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان خطے کے امن کے سب سے بڑے خطرات ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ مشترکہ ذمہ داری ہے، کسی ایک ملک پر اس کا بوجھ نہیں ڈالا جا سکتا۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان نے چار دہائیوں تک افغان عوام کی میزبانی کر کے اسلامی اخوت کی مثال قائم کی۔ اب امن کے ساتھ افغان شہریوں کی باعزت واپسی دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان افغان عوام کی تعلیمی اور انسانی ضروریات کے لیے تعاون جاری رکھے گا، لیکن قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان نے تجارت، معیشت اور روابط کے فروغ کے لیے افغانستان کو ہر ممکن سہولت فراہم کی ہے۔

صدر نے کہا کہ خطے کا پائیدار امن باہمی تعاون اور معاشی شراکت میں مضمر ہے۔ پاکستان پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے اور برادرانہ تعلقات کا انحصار باہمی احترام، سیکیورٹی تعاون اور خطے کے امن پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان توقع رکھتا ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی سرزمین کو فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد عناصر کے استعمال سے روکے گی، کیونکہ مشترکہ اور عملی اقدامات ہی دیرپا امن کی ضمانت ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا