ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ پر تاحیات پابندی عائد کر دی ہے۔ سلمان بٹ 2021 سے ارشد ندیم کے ساتھ کوچنگ کے فرائض انجام دے رہے تھے، تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے ان کے اور فیڈریشن کے درمیان اختلافات جاری تھے۔
چند ہفتے قبل ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم کی مایوس کن کارکردگی پر فیڈریشن نے سلمان اقبال بٹ سے وضاحت طلب کی تھی۔ تین روز قبل انہوں نے اس حوالے سے تحریری جواب جمع کروایا تھا، جس کے بعد فیڈریشن نے پابندی کا فیصلہ سنایا۔
فیڈریشن کے مطابق سلمان اقبال بٹ اور سید حبیب شاہ نے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے غیر آئینی اور غیر قانونی انتخابات منعقد کروائے تھے۔ اسی الزام کے تحت سلمان بٹ پر تاحیات جبکہ حبیب شاہ پر 10 سال کی پابندی لگائی گئی۔ اس معاملے پر انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تھی لیکن دونوں افراد کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔
دوسری جانب سلمان بٹ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں پابندی کا باضابطہ نوٹیفکیشن ابھی تک موصول نہیں ہوا۔ نوٹیفکیشن ملنے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے پیچھے ذاتی اختلافات اور مبینہ طور پر میرٹ سے ہٹ کر کیے گئے اقدامات شامل ہیں، جبکہ خیال کیا جا رہا ہے کہ سلمان بٹ کے جمع کیے گئے تفصیلی جواب نے بھی اس فیصلے کو متاثر کیا۔






