اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے انتخاب کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے عدالت جانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال، انجینئر امیر مقام اور اعظم نذیر تارڑ نے ملاقات میں شرکت کی۔ جے یو آئی کی جانب سے مولانا لطف الرحمان، علامہ راشد محمود سومرو، ایم پی اے سجاد خان اور مخدوم آفتاب شاہ موجود تھے۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوئی اور اتفاق کیا گیا کہ وزیراعلیٰ (لیڈر آف دی ہاؤس) کا انتخاب آئینی تقاضوں کے خلاف ہے اور اسے تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔
مشترکہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ صوبائی اسمبلی میں حزب اختلاف کی تمام جماعتیں اس عمل کو مسترد کرتی ہیں۔ شرکاء نے توقع ظاہر کی کہ چیف جسٹس اور ہائی کورٹ پشاور اس متنازع پارلیمانی اقدام کا حصہ نہیں بنیں گے۔
فیصلہ کیا گیا کہ قانونی ماہرین پر مشتمل وکلا پینل کے ذریعے عدالت میں درخواست دائر کی جائے گی تاکہ انتخاب کو چیلنج کیا جا سکے۔






