پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی حلف برداری کے معاملے پر پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں نے ہائی کورٹ میں پیشی سے قبل میڈیا سے گفتگو کی۔ پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے کہا کہ پارٹی کے لیے حکومتیں کوئی معنی نہیں رکھتیں لیکن اگر حق نہ ملے تو “گھی سیدھی انگلی سے نہ نکلے تو ٹیڑھی کرنا ہوگی۔”
ہائی کورٹ آمد پر اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، اسد قیصر، سلمان اکرم راجا، جنید اکبر اور دیگر رہنما موجود تھے۔ اسپیکر نے کہا کہ عدالت میں ہر آئینی و قانونی پہلو واضح کریں گے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی 90 ووٹ لے کر منتخب ہوئے ہیں، اب حلف میں رکاوٹ ڈالی گئی تو یہ کھلی خلاف ورزی ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالت حلف برداری کے لیے احکامات جاری کرے گی۔
جنید اکبر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج انصاف ملنے کی امید ہے، یہ آئینی حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ عوام نے کرنا ہے، اداروں نے نہیں، اور یہ تاثر غلط ہے کہ کوئی کسی کو قبولیت دے گا یا نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا انتخاب مکمل طور پر قانونی طریقے سے ہوا ہے، اسی آئینی حق کے تحفظ کے لیے عدالت آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جو چاہے کرے، قانون ہمارے مؤقف کے ساتھ ہے۔
آخر میں انہوں نے اپوزیشن سے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے مسائل ہیں، مخالفت کی بجائے آئیں مل بیٹھ کر مسائل حل کریں۔






