ملائیشیا میں جاری سلطان آف جوہر ہاکی کپ کے میچ میں پاکستان اور بھارت کی جونئیر ٹیموں نے 3-3 گول سے مقابلہ برابر کیا۔ پاکستان کی جانب سے دو گول سفیان خان اور ایک گول کپتان حنان شاہد نے بنایا۔
میچ جوہر بارو میں برق رفتاری سے شروع ہوا اور چوتھے منٹ میں پاکستان کو پنالٹی اسٹروک ملا، جس پر حنان شاہد نے پہلا گول اسکور کیا۔ پہلا کوارٹر پاکستان کی 1-0 کی برتری پر ختم ہوا، جبکہ دوسرے کوارٹر میں کوئی گول نہیں ہوا۔
تیسرے کوارٹر میں سفیان خان نے 38ویں منٹ میں پنالٹی کارنر گول میں تبدیل کیا، جس کے بعد بھارت کو پنالٹی اسٹروک ملا اور ہنڈل ارجیت سنگھ نے گول کر کے خسارہ کم کیا۔ اس کوارٹر کے اختتام پر پاکستان کی 2-1 برتری تھی۔
چوتھے اور آخری کوارٹر میں بھارتی ٹیم نے پہلے میچ برابر کیا، پھر منمیت سنگھ کے گول سے بھارت کو 3-2 کی برتری حاصل ہوئی، مگر چند منٹ بعد سفیان خان نے گول کر کے میچ 3-3 سے برابر کر دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کل نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا اگلا میچ کھیلے گی۔






