لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعت کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 3 ہزار 400 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پولیس کے مطابق صوبے بھر میں پرتشدد احتجاج اور توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کے خلاف 76 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں سے 39 مقدمات لاہور میں ہوئے۔
صرف لاہور میں 340 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جبکہ شیخوپورہ سے 217، منڈی بہاؤالدین سے 210، راولپنڈی سے 190، فیصل آباد سے 180، گوجرانوالہ سے 160، سیالکوٹ سے 150 اور اٹک سے 156 مظاہرین پکڑے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق مختلف شہروں میں ہوئے احتجاج کے دوران 250 سے زائد پولیس اہلکار اور افسر زخمی ہوئے۔ فوٹیجز اور فہرستوں کی مدد سے ملزمان کی نشاندہی کی جا رہی ہے جبکہ گرفتار افراد کو اے، بی اور سی کیٹگری میں تقسیم کر کے کارروائی کی جا رہی ہے۔
گزشتہ ہفتے لاہور، مریدکے اور دیگر شہروں میں ہونے والے پرتشدد احتجاج کے دوران املاک کو نذر آتش کیا گیا، درجنوں گاڑیاں جلائی گئیں اور فائرنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔ مریدکے میں تصادم کے دوران تین کارکن، ایک راہ گیر اور ایک پولیس افسر جان سے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عوامی اور نجی املاک پر حملے، اشتعال انگیزی، اسلحہ چھیننے اور توڑ پھوڑ میں ملوث عناصر کے خلاف مزید کارروائیاں جاری رہیں گی۔






