واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابراہم معاہدے کی جلد توسیع کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مزید ممالک اس میں شامل ہونے والے ہیں۔ فاکس نیوز کو انٹرویو میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ سعودی عرب بھی جلد اس معاہدے کا حصہ بنے گا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب شامل ہو گیا تو دیگر ممالک بھی خود بخود معاہدے میں شامل ہو جائیں گے۔ ان کے مطابق بدھ کے روز متعدد ممالک سے مثبت بات چیت ہوئی ہے اور کئی ملکوں نے شمولیت کی خواہش ظاہر کی ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ 2020 میں متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اسرائیل سے تعلقات بحال کرتے ہوئے ابراہم معاہدے پر دستخط کیے تھے، جبکہ مراکش اور سوڈان بھی بعد میں شامل ہوئے۔
ٹرمپ نے حال ہی میں مصر میں مسلم اور یورپی رہنماؤں کے اجلاس میں غزہ کی صورتحال پر گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ جنگ کے خاتمے کا منصوبہ خطے میں بڑے امن معاہدے کی بنیاد بن سکتا ہے اور ایران و اسرائیل کے درمیان بھی امن ممکن ہے۔






