لاہور: حکومتِ پنجاب نے سیاحت کے فروغ کے لیے لاہور سے شیخوپورہ تک ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ سروس ہفتہ اور اتوار کو تاریخی مقامات کے لیے چلائی جائے گی، جبکہ فی کس کرایہ 1200 روپے رکھا گیا ہے۔
پہلے ٹور میں مسافروں نے پیر وارث شاہ کے مزار اور ہرن مینار کا دورہ کیا، جہاں سیاحوں نے سائیکلنگ اور بوٹنگ سے بھی لطف اٹھایا۔ شیخوپورہ میں ہیر خوانی کی خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی۔
شہریوں نے اس اقدام کو شیخوپورہ میں سیاحت کے فروغ کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس دو روزہ ٹور نے مقامی تاریخی ورثے کو نمایاں کیا اور شہریوں کی دلچسپی میں اضافہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کے مطابق شیخوپورہ کو ٹورازم حب بنایا جا رہا ہے، جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری ٹورازم صدف ظفر نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد تاریخی ورثے کی ترویج اور مقامی معیشت کو سہارا دینا ہے۔






