پیرس کے لوور میوزیم میں صرف سات منٹ کے اندر قیمتی اور نایاب زیورات چوری کرلیے گئے۔ فرانس کے وزیر داخلہ کے مطابق تین سے چار ملزمان نے باہر سے ایلیویٹر کے ذریعے میوزیم میں داخل ہوکر اپولو روم کی ایک کھڑکی کاٹی اور زیورات لے اڑے۔
یہ واردات 19 اکتوبر کی صبح ساڑھے 9 بجے ہوئی۔ چوری شدہ اشیا کی مالیت بےحد قیمتی بتائی جا رہی ہے اور ان کی ثقافتی یا تاریخی قدر متعین نہیں کی جا سکتی۔ ایک زیور کا ٹکڑا میوزیم کے قریب سے بھی ملا ہے۔
فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی ماہر اور منظم ٹیم تھی جس نے جگہ کی پہلے سے نگرانی کی ہوئی تھی۔ وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ ملزمان اور سامان جلد بازیاب کر لیے جائیں گے۔
میوزیم کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا اور 19 اکتوبر کو بند رکھا گیا۔ اپولو روم میں فرانسیسی شاہی زیورات سمیت اہم نوادرات موجود تھے، جب کہ لوور میوزیم مونا لیزا پینٹنگ سمیت دنیا کے بڑے آرٹ ورکس کا مرکز ہے۔






