پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کر دیا اور میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔
پاکستان نے 71 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو صرف 16 کے مجموعی اسکور پر تین بیٹرز پویلین لوٹ گئے۔ امام الحق 9، عبداللہ شفیق 6 اور کپتان شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم اور سعود شکیل نے 44 رنز کی شراکت سے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی، تاہم سعود شکیل 11 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ تیسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز بنائے ہیں اور اسے جنوبی افریقا پر 23 رنز کی برتری حاصل ہے۔ بابر اعظم 49 اور محمد رضوان 16 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔
جنوبی افریقا کی جانب سے سائمن ہارمر نے 3 جبکہ کگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے 185 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو کائل ویرین جلد ہی محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔ ٹرسٹان اسٹبس نے 76 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سائمن ہارمر صرف 2 رنز بنا سکے۔
پاکستان کے ڈیبیو اسپنر آصف آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں، تاہم سینوران متھوسامی نے کیشو مہاراج (30) کے ساتھ 71 اور ربادا (71) کے ساتھ 98 رنز کی قیمتی شراکتیں قائم کر کے ٹیم کو مستحکم پوزیشن میں پہنچا دیا۔
کگیسو ربادا 71 رنز بنا کر آصف آفریدی کا چھٹا شکار بنے جبکہ متھوسامی 89 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقی ٹیم 404 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی اور پہلی اننگز میں پاکستان پر 71 رنز کی برتری حاصل کی۔ پاکستان کی جانب سے آصف آفریدی نے 6، نعمان علی نے 2، جبکہ شاہین آفریدی اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آصف آفریدی پاکستان کے دوسرے لیفٹ آرم اسپنر بن گئے ہیں جنہوں نے ڈیبیو پر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔






