لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت کم آمدن والے ایک لاکھ خاندانوں کو بلاسود اور آسان قرض فراہم کرنے کا ہدف کامیابی سے پورا ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔
مریم نواز شریف کے مطابق 10 ماہ میں 100,835 خاندانوں کو 120 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے، جن میں سے 22,305 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور 64,190 گھر آخری مراحل میں ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ پراجیکٹ نہ صرف ہاؤسنگ کے شعبے میں انقلاب برپا کر رہا ہے بلکہ غریب طبقے کو اپنی چھت کا خواب بھی پورا کر رہا ہے۔ انہوں نے ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ 10 ماہ میں ایک سال کا ہدف پورا کرنا قابل تقلید مثال ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ غریب آدمی کا چھت کا خواب پورا ہونا اللہ تعالیٰ کا کرم ہے اور نواز شریف کی کوششوں کو سراہا، جنہوں نے ہمیشہ غریب عوام کی فلاح کو مقدم رکھا۔
انہوں نے یہ بھی عزم ظاہر کیا کہ حکومت اگلے پانچ سالوں میں پانچ لاکھ گھروں کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ عام آدمی کو یہ یقین ہو کہ ریاست عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔






