اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان سے جیل ملاقاتوں کے آرڈر پر فوری عملدرآمد کا حکم دے دیا اور ہدایت کی کہ فہرست کے مطابق ملاقاتیں کروائی جائیں۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت کی کہ ملاقاتوں کے حوالے سے عدالتی فیصلے پر فوری عمل یقینی بنایا جائے۔ یہ حکم چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس ارباب طاہر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے جاری کیا۔
لارجر بنچ نے واضح کیا کہ عمران خان سے ملاقاتیں سکیورٹی پالیسی آرڈرز کے مطابق کی جائیں گی۔ عدالت نے 24 مارچ کے عدالتی فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ملاقاتوں کے لیے جاری شدہ اجازت ناموں اور طریقہ کار پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
عدالت نے آئندہ بھی ملاقاتوں کے لیے اجازت دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ سلمان اکرم راجا کی دی گئی فہرست کے مطابق ملاقات کروائی جائے۔
واضح رہے کہ سماعت کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی بھی عدالت میں موجود تھے اور سماعت ختم ہونے کے بعد وہ اڈیالہ جیل کے لیے روانہ ہوئے۔






