نگو: ہنگو میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر اور 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے جبکہ 2 دیگر اہلکار زخمی ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے پہلے غلمینا کے علاقے میں پولیس چیک پوسٹ کو بارودی مواد سے اڑانے کی کوشش کی، جس میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم بعد میں ایس پی اسد زبیر دیگر اہلکاروں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر جا رہے تھے کہ درابن کے مقام پر پولیس کی گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا۔
ڈی ایس پی خانزیب مہمند کے مطابق شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا ہے، اور علاقے میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی اسد زبیر اور دونوں پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔





