راولپنڈی:چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا مالدیپ کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی و سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے مالدیپ کے وزیرِ دفاع غسان مامون اور چیف آف ڈیفنس فورس سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان عسکری تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دفاعی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
مالدیپ کی سول و عسکری قیادت نے پاک افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق، جنرل ساحر شمشاد مرزا کو مالدیپ نیشنل ڈیفنس فورس ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔






