گجرات: امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ نومبر میں ’بدل دو پاکستان تحریک‘ شروع کی جائے گی تاکہ فرسودہ نظام کے خاتمے اور عوامی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کو منظم کیا جا سکے۔
پنجاب کے ضلع گجرات میں “بنو قابل” تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ انگریز تو چلا گیا لیکن اس کا افسر شاہی نظام آج بھی موجود ہے، جو خود کو حاکم اور عوام کو محکوم سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گریڈ 19 اور 20 کے افسران بچوں کی شادیوں پر کروڑوں روپے خرچ کرتے ہیں جبکہ کسان غربت اور کسمپرسی کا شکار ہے۔ اس گلے سڑے نظام کو بدلنا ہوگا۔ نوجوان اس تحریک کا حصہ بنیں اور کامیابی یقینی بنائیں۔
امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ چہرے اور پارٹیاں نہیں، نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں مراعات یافتہ طبقے کے تحفظ میں مصروف ہیں۔ نومبر سے شروع ہونے والی ’بدل دو پاکستان تحریک‘ عوامی بیداری کی ایک نئی لہر ثابت ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ گجرات جب پانی میں ڈوبا ہوا تھا تو برسوں سے اقتدار میں رہنے والے حکمران کہاں تھے؟ زندہ باد اور مردہ باد کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج ملک میں صرف بارہ فیصد نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کر پا رہے ہیں۔ پاکستان کو ترقی کے لیے آئی ٹی کے میدان میں آگے بڑھنا ہوگا۔ ’بنو قابل‘ پروگرام پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔






