کوئٹہ:ڈپٹی کمشنر کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ، 8 افراد زخمی

0
601

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں نے ڈپٹی کمشنر کیچ کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں لیویز اہلکاروں سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا تربت کے علاقے تھانہ روڈ پر اس وقت ہوا جب ڈپٹی کمشنر کیچ میجر ریٹائرڈ بشیر احمد بڑیچ اپنے سرکاری محافظوں کے ہمراہ گھر سے دفتر جا رہے تھے۔ دھماکے سے ان کی بلٹ پروف گاڑی جزوی طور پر متاثر ہوئی، تاہم وہ خود محفوظ رہے۔

ڈی ایس پی تربت نذیر احمد کے مطابق دھماکا موٹرسائیکل پر نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا، جس میں تقریباً 15 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی عمارتوں اور چار سے پانچ گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔

حکام کے مطابق زخمیوں میں ڈپٹی کمشنر کی سکیورٹی پر تعینات سات لیویز اہلکار اور ایک راہ گیر شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو تربت کے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ بلوچستان میں گزشتہ چند مہینوں سے انتظامی افسران پر حملوں اور اغوا کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ رواں سال مئی میں ضلع سوراب میں شدت پسندوں کے حملے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی ہلاک ہو گئے تھے، جبکہ اگست 2023 میں ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کو مستونگ میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

اسی طرح رواں برس 4 جون کو ضلع کیچ کے علاقے تمپ سے اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف نورزئی کو اغوا کیا گیا تھا جو کئی ماہ بعد رہا ہوئے، جبکہ 10 اگست کو زیارت سے اغوا ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل تاحال لاپتہ ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا