اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ این اے 18 ہری پور سے عمر ایوب کی اہلیہ کو ٹکٹ دینا اقربا پروری نہیں، یہ فیصلہ مقامی سیاسی حقائق کے مطابق کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمر ایوب کا حلقہ پورے پاکستان کا سب سے بڑا حلقہ ہے، ان کی اہلیہ گزشتہ 20 سال سے وہاں بطور سیاسی کارکن متحرک ہیں اور علاقے کی سیاست میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں کہ عمر ایوب کی اہلیہ کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں یا انہیں مسلط کیا جا رہا ہے، وہ سیاسی کارکن کی تعریف پر پوری اترتی ہیں اور پارٹی نے ان کے حق کو تسلیم کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں کہ کیا عمر ایوب نے 9 مئی کیسز میں اپنی نااہلی تسلیم کر لی ہے، سلمان اکرم راجا نے کہا کہ میری اس حوالے سے عمر ایوب یا ان کے وکیل سے کوئی بات نہیں ہوئی، نہ ہی مجھے علم ہے کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا، اس لیے اس معاملے پر تبصرہ نہیں کر سکتا۔






