اسلام آباد: وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے یورپی پارلیمنٹ کے وفد سے وزارتِ تجارت میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، انسانی حقوق کے فروغ اور پائیدار ترقی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
جام کمال خان نے وفد کو پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات، انسانی حقوق کے تحفظ اور ماحولیاتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیرِ تجارت نے یورپی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان پائیدار معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے۔
یورپی پارلیمنٹ کے ارکان نے پاکستان کی شفافیت اور اصلاحاتی کوششوں کو سراہتے ہوئے باہمی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔






