واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے نئے لانگ رینج جوہری کروز میزائل “بوریویسٹنک” کے کامیاب تجربے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو مزید جوہری آزمائشوں کی طرف جانے کی ضرورت نہیں۔ ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کے پاس ایک جوہری آبدوز پہلے سے روس کے ساحل کے قریب موجود ہے اور عالمی تنازعات کو حل کرنا میزائل ٹیسٹ سے زیادہ بڑا چیلنج ہے۔
ٹرمپ نے روس سے جنگ ختم کرنے کا مطالبہ دہرایا اور کہا کہ یوکرین میں جاری جنگ کو ختم کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ جب پابندیوں کے امکان کے بارے میں پوچھا گیا تو صدر نے مختصر طور پر جواب دیا کہ “آپ کو پتہ چل جائے گا”۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے حال ہی میں میزائل کے کامیاب تجربے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ اس کی رینج وسیع ہے، تاہم اسے عملی جنگی صلاحیت دینے کے لیے مزید کام درکار ہے۔






