چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان کے خلا بازوں کو اپنے خلائی اسٹیشن کے تحت ایک مختصر مدت کے مشن پر خلا میں بھیجے گا۔ یہ اہم پیش رفت چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کی جانب سے پریس کانفرنس میں سامنے آئی۔
چینی خبر رساں ادارے شِنہوا کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی خلا باز مشن سے قبل چینی خلا بازوں کے ساتھ جامع تربیت حاصل کریں گے جبکہ مشن کے دوران سائنسی تجربات، تحقیقی سرگرمیوں اور آپریشنل ذمہ داریوں میں بھی حصہ لیں گے۔ گلوبل ٹائمز کے مطابق پاکستانی خلا باز عملے کے ساتھ معمول کے فرائض بھی انجام دیں گے۔
یہ اعلان اس معاہدے کے بعد سامنے آیا ہے جو رواں سال مارچ میں سپارکو اور چین کی انسان بردار خلائی ایجنسی سی ایم ایس اے کے درمیان ہوا تھا، جس کے تحت پاکستان کے پہلے انسان بردار خلائی مشن کو چین کے تعاون سے خلا میں بھیجا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین کا یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا اور یہ پاکستان کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔






