کراچی : شہری جوہر عباس نے سندھ ہائیکورٹ میں ای چالان کے خلاف درخواست دائر کی ہے، جس میں چیف سیکرٹری سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور ڈائریکٹر جنرل نادرا کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد کیے گئے جرمانے انتہائی زیادہ اور غیر منصفانہ ہیں۔ درخواست گزار نے کہا کہ لاہور میں ٹریفک خلاف ورزی پر جرمانہ 200 روپے ہے، جبکہ کراچی میں 5 ہزار روپے عائد کیے جاتے ہیں۔
درخواست میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ کراچی میں 4 سال قبل چوری ہونے والی موٹرسائیکل کا ای چالان مالک کو بھیج دیا گیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فریقین کو ہدایت دی جائے کہ وہ عدالت کو یہ یقین دلائیں کہ عائد کیے گئے جرمانے منصفانہ ہیں، اور ساتھ ہی عائد شدہ جرمانوں کو فوری طور پر معطل کیا جائے۔






