پاکستان تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے لاہور میں سابق رہنماؤں کی ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی پرانی قیادت ’’ریلیز عمران خان تحریک‘‘ چلانے کے لیے تیار ہے، جس میں فواد چوہدری، عمران اسماعیل، علی زیدی، محمود مولوی، سبطین خان سمیت دیگر رہنما شامل ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق قیادت نے عمران خان کی رہائی کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں۔ اس سلسلے میں اسٹیبلشمنٹ سے رابطے اور مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملاقات میں ملک کا سیاسی درجہ حرارت کم کرنے پر بھی مشاورت ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق سابق رہنماؤں نے شاہ محمود قریشی کی رہائی کے لیے بھی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا اور انہیں مشورہ دیا کہ بات چیت کے ذریعے سیاسی بحران کو کم کرنے میں کردار ادا کریں۔ سابق قیادت کا مؤقف ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت عمران خان کو رہا نہیں کروا سکتی۔
سابق رہنماؤں نے اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ سے بھی ملاقات کی، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ مزید یہ کہ پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں نے حکومتی وزراء اور مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔
فواد چوہدری کے مطابق پی ٹی آئی کی مختلف رہنماؤں سے ملاقاتیں ہو چکی ہیں اور پارٹی قیادت نے سیاسی قیدیوں کی رہائی کی کوششوں کی حمایت کی ہے۔






