اسلام آباد بار کونسل کے سالانہ انتخابات میں انڈپینڈنٹ گروپ نے میدان مار لیا، پانچ نشستوں میں سے عاصمہ جہانگیر گروپ نے تین نشستیں جیت لیں۔
اسلام آباد بار کونسل کے انتخابات کے غیر سرکاری نتائج سامنے آ گئے، عبدالرحمن حر باجوہ تیرہ سو انہتر ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ راجہ علیم عباسی نے تیرہ سو اکیاون ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ چوہدری حفیظ اللہ یعقوب بارہ سو پچانوے ووٹ لے کر ممبر بار کونسل منتخب ہوگئے۔ محمد ظفر کھوکھر نے بارہ سو اٹھاسی اور آصف عرفان نے گیارہ سو چھبیس ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق حامد خان گروپ کے امیدوار حفیظ اللہ یعقوب ایک نشست جیتنے میں کامیاب رہے جبکہ عاصمہ جہانگیر گروپ نے میدان مار لیا۔ انتخابات میں مجموعی طور پر اکیس امیدوار مدمقابل تھے، جبکہ بار کونسل میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والے پانچ امیدواروں کو فاتح قرار دیا گیا۔ جیتنے والے امیدواروں کے حامیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر جشن منایا۔






