اسلام آباد : 27 ویں آئینی ترمیم کی پارلیمنٹ سے منظوری کے مشن میں قومی اسمبلی کا ایوان 336 ارکان پر مشتمل ہے۔ ایوان میں 10 نشستیں خالی ہونے کے سبب اراکین کی موجودہ تعداد 326 ہے، اور آئینی ترمیم کے لیے 224 ارکان کی حمایت درکار ہے۔
حکومتی اتحاد کو پیپلز پارٹی سمیت اس وقت 237 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ پیپلز پارٹی کل ہونے والے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کرے گی۔
مسلم لیگ ن حکومتی اتحاد میں سب سے بڑی جماعت ہے جس کے پاس 125 اراکین ہیں، پیپلز پارٹی کے 74، ایم کیو ایم کے 22، ق لیگ کے 5 اور آئی پی پی کے 4 اراکین ہیں۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ضیاء، بلوچستان عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی کے ایک ایک رکن کے علاوہ 4 آزاد اراکین بھی حکومتی حمایت میں شامل ہیں۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کی تعداد 89 ہے، جس میں 75 آزاد، جے یو آئی (ف) کے 10 اراکین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سنی اتحاد کونسل، مجلس وحدت المسلمین، بی این پی مینگل اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے ایک ایک رکن بھی اپوزیشن بینچوں پر موجود ہیں۔





