پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں ہونے والے امن جرگے میں شرکت کے لیے وفاقی حکومت کو باضابطہ طور پر دعوت دے دی۔ اسلام آباد میں پی ٹی آئی وفد کی وفاقی وزیر امیر مقام سے ملاقات ہوئی، جس میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد امیر مقام نے کہا کہ امن کے لیے تمام فریقین کو مل بیٹھ کر کام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی اختلافات کے باوجود امن جرگوں میں حصہ لیا گیا اور یہی طریقہ کار آگے بھی اپنانا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے کہا کہ پارٹی امن جرگہ بلا رہی ہے اور چاہتی ہے کہ صوبے کے تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر مشترکہ فیصلے کریں تاکہ امن کے قیام کے لیے بہتر حکمت عملی بن سکے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ افغانستان بارڈر پر امن و امان کا مسئلہ کسی ایک جماعت کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ معاملہ سیاست سے بالاتر ہے اور تمام فریقین کو اکٹھے ہو کر اس کا حل تلاش کرنا چاہیے۔






