راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے دی، جس کے بعد تین میچوں پر مشتمل سیریز میں پاکستان کی برتری ایک صفر ہوگئی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے۔ اننگ کا آغاز اوپنرز صائم ایوب اور فخر زمان نے کیا، لیکن صائم ایوب 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ فخر زمان اور بابر اعظم نے 54 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم فخر زمان 32 رنز بنا کر پویلین واپس گئے۔ محمد رضوان اور بابر اعظم کے بعد سلمان آغا نے کریز سنبھالی اور شاندار 105 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن دلائی۔ حسین طلعت نے 62 رنز اور محمد نواز 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنائے۔ وانندو ہاسارنگا سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مہیش تھکشنا اور اسیتھا فرنینڈو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔






